15/November/2026

ایران کا بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ، بحرین کا حملے ناکام بنانے کا اعلان

👁️ 33 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران کا بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ، بحرین کا حملے ناکام بنانے کا اعلان

ایران کا بحرین میں امریکی فوجی اڈے کے ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنانے کا دعویٰ، بحرین کا حملے ناکام بنانے کا اعلان

بحرین (ڈیلی اردو) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بحرین میں واقع الرفاع ہیلی کاپٹر بیس پر چھ ڈرونز کے ذریعے حملہ کرکے امریکی فضائی دفاعی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم بحرینی حکام نے کہا ہے کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی فضائی حملوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے ایرانی سرکاری میڈیا کے ذریعے جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی امریکا کے مبینہ مخالفانہ اقدامات کے جواب میں کی گئی۔ دوسری جانب بحرین کی فوج نے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو ناکام بنانے کا اعلان کرتے ہوئے تہران پر مملکت کے خلاف مسلسل جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کیا کہ وہ پُرسکون رہیں، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہوں اور سرکاری ذرائع سے اطلاعات حاصل کریں۔ ملک میں صبح کے وقت دھماکوں کی آوازیں اور خطرے کے سائرن بھی سنے گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بحرین کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک اپنی سرزمین کو دوسرے ممالک کے درمیان حساب برابر کرنے کا میدان بنانے کو مسترد کرتا ہے اور ان حملوں کے نتائج کی مکمل ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ تین روز کے دوران بحرین میں ایرانی ڈرون حملے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 13 نومبر کو بھی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی ابتدائی وارننگ ریڈار تنصیب کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم امریکی فوج نے کہا تھا کہ بحرین کی جانب آنے والے دو ایرانی ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا اور کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

واضح رہے کہ بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا مرکزی اڈہ بھی قائم ہے۔ خطے میں جاری امریکا اور ایران کشیدگی کے باعث خلیجی ممالک میں سکیورٹی خدشات بدستور برقرار ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C