24/November/2026

ایران: گلوکارہ پرستو احمدی کو 74 کوڑے، چار ساتھیوں کو بھی سزا، فنکاروں کا احتجاج

👁️ 56 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ایران: گلوکارہ پرستو احمدی کو 74 کوڑے، چار ساتھیوں کو بھی سزا، فنکاروں کا احتجاج

ایران: گلوکارہ پرستو احمدی کو 74 کوڑے، چار ساتھیوں کو بھی سزا، فنکاروں کا احتجاج

قم (ڈیلی اردو) ایران میں معروف گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کے چار ساتھیوں کو 74، 74 کوڑے مارنے کی سزا پر عمل درآمد کے بعد موسیقاروں، فنکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ فنکاروں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے عدالتی کارروائی پر سوالات اٹھائے اور مقدمہ ختم کرنے سمیت متاثرہ افراد کی بریت کا مطالبہ کیا ہے۔

وکیل مصطفیٰ نیلی کے مطابق پرستو احمدی، موسیقار سہیل فقیہ نصیری، امین طاہری، امیرعلی پیرنیا اور کنسرٹ کے منتظم محسن لشکری کو 23 نومبر کو قم میں سزا دی گئی۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق پانچوں افراد کو کوڑوں کے ساتھ دو سال تک موسیقی اور دیگر فنکارانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ملک سے باہر سفر کرنے پر پابندی کا سامنا بھی ہے۔

یہ مقدمہ دسمبر 2024 میں یوٹیوب پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو سے متعلق ہے، جس میں پرستو احمدی نے قم کے قریب واقع تاریخی کاروان سرائے دیرگچین میں بغیر لازمی حجاب کے موسیقی پیش کی تھی۔ اس پروگرام کو ’’کاروان سرائے کنسرٹ‘‘ کے نام سے شہرت ملی۔ ویڈیو میں گلوکارہ کے ساتھ مرد موسیقار بھی موجود تھے، جبکہ کنسرٹ میں کوئی حاضرین شریک نہیں تھے اور اسے آن لائن نشر کیا گیا تھا۔

ایرانی عدالتی حکام نے اس پرفارمنس کو انٹرنیٹ پر مبینہ طور پر غیر اخلاقی مواد تیار اور شائع کرنے اور عوامی عفت کو مجروح کرنے کے الزام سے جوڑا تھا۔ ابتدائی عدالتی کارروائی میں مجموعی طور پر نو افراد کو سزا سنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم اب تک پانچ افراد کو کوڑے مارنے کی سزا پر عمل درآمد کی تصدیق ہوئی ہے۔ باقی چار افراد کے حوالے سے سزا پر عمل درآمد کی صورت حال واضح نہیں۔

ایران کے میوزک ہاؤس نے بھی اس سزا پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عدلیہ کے میڈیا سینٹر سے رابطہ کیا اور فیصلے کی قانونی حیثیت اور تفصیلات واضح کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق اسے جواب میں بتایا گیا کہ سزا سے متعلق حتمی فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا اور اگر کوئی فیصلہ حتمی ہوا تو اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ میوزک ہاؤس نے خواتین کو گلوکاری سمیت موسیقی کے شعبے میں پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی اجازت دینے پر بھی زور دیا ہے۔

فنکاروں کی جانب سے احتجاج میں گلوکارہ ہانا کامکار نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں سزا کو غیر انسانی اور ظالمانہ قرار دیا۔ گلوکار مہدی یراحی، جنہیں اس سے قبل خود بھی 74 کوڑوں کی سزا دی جا چکی ہے، نے پرستو احمدی کی پرفارمنس کی ویڈیو دوبارہ شیئر کرکے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

معروف ایرانی موسیقار کیہان کلهر نے بھی فرانس کے شہر لیون میں اپنے کنسرٹ کے دوران اس واقعے کی مذمت کی۔ ان کے ساتھی موسیقار کیا طبسیان نے کہا کہ فنکارہ کو محض گانے کی وجہ سے سزا دی گئی اور امید ہے کہ ایران میں خواتین آزادانہ طور پر گلوکاری کر سکیں گی۔ انسانی حقوق کی کارکن زینب زمان نے بھی سوشل میڈیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کنسرٹ آن لائن تھا، لیکن کوڑوں کی سزا حقیقی تھی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اکتوبر میں اپیل کے بعد سزا برقرار رکھے جانے پر تشویش ظاہر کی تھی اور ایرانی حکام سے کوڑے مارنے کی سزا پر عمل درآمد روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ مغربی حکومتوں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس سزا کو تشدد اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کے منافی قرار دیتی ہیں، جبکہ ایرانی حکام اپنے انسانی حقوق کے ریکارڈ پر مغربی تنقید کو مسترد کرتے رہے ہیں۔

یہ معاملہ ایران میں خواتین کے لباس اور عوامی مقامات پر گلوکاری سے متعلق پابندیوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ ستمبر 2022 میں مہسا امینی کی زیر حراست ہلاکت کے بعد ملک بھر میں خواتین کے لباس سے متعلق قوانین کے خلاف احتجاج شروع ہوا تھا، جس کے بعد متعدد خواتین نے لازمی حجاب کے ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عوامی مقامات پر بھی بغیر حجاب دکھائی دینا شروع کیا۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C