01/February/2024

باجوڑ: ریحان زیب خان کی ہلاکت کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

👁️ 83 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
باجوڑ: ریحان زیب خان کی ہلاکت کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

باجوڑ: ریحان زیب خان کی ہلاکت کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) شدت پسند تنظیم داعش نے باجوڑ میں بدھ کو این اے 8 سے آزاد امیدوار ریحان زیب پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی جنرل نشست این اے 8 اور صوبائی حلقے پی کے 22 سے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار ریحان زیب کے ہلاکت کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کی ہے جس کا اعلان انھوں نے اپنی ویب سائٹ پر ایک مختصر پوسٹ میں کیا۔

ریحان زیب خان کو گذشتہ روز (31 جنوری) باجوڑ کے علاقے صدیق آباد پھاٹک کے قریب اُس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا جب وہ بطور آزاد امیدوار اپنی انتخابی مہم میں مصروف تھے۔ ان کے ساتھ موجود تین افراد زخمی بھی ہوئے۔ تحریک انصاف کی جانب سے بطور آزاد امیدوار حمایت نہ ملنے کے باوجود انھوں نے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔

باجوڑ ضلع میں سیاسی رہنماؤں کو نشانہ بنانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے جس کی ذمہ داری کالعدم شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی ہے۔ گذشتہ سال جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک جلسے میں ہونے والے خود کش حملے میں پچاس سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس واقعے کی ذمہ داری بھی داعش نے ہی قبول کی تھی۔

آزاد امیدوار ریحان زیب کی ہلاکت کے باعث الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 8 میں انتخابات ملتوی کر دیے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کاشف ذوالفقار کا کہنا ہے ریحان کے قتل کے بعد آس پاس علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور امید ہے جلد ہی اس حوالے سے پیش رفت متوقع ہو سکتی ہے۔

ڈی پی او باجوڑ کا کہنا تھا کہ ’ابھی تک اس واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی چونکہ مقتول کے لواحقین ابھی تدفین میں مصروف ہیں۔ جیسے ہی درخواست موصول ہوئی تو ایف آئی آر درج کر لی جائے گی۔‘

داعش کی جانب سے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کے سوال پر ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ’وقتاً فوقتاً داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں کی جاتی ہیں جن میں پولیس کو مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کا تعاون رہتا ہے اور ماضی قریب میں اس ضمن میں متعدد کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔ مگر اِس وقت ہمیں پولیس کی نفری میں کمی کا بھی سامنا ہے۔‘

ادھر باجوڑ میں ریحان زیب خان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی۔ عوامی رائے کے مطابق ریحان زیب خان کا جنازہ باجوڑ کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ ثابت ہوا۔ جنازے میں باجوڑ، مہمند، دیر اور ملک بھر سے ہزاروں لوگوں نے شرکت کی، ریحان زیب خان کو آباء علاقے میں سپرد نم ناک آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔

دوسری جانب ریحان زیب خان کے قتل کے خلاف سلارزئی قبائل کا گرینڈ جرگہ جاری ہے۔ جرگے میں ضلع بھر کے تمام سیاسی و قبائلی قائدین نے شرکت کی ہے۔ جرگے میں آئندہ کے لیے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C