27/July/2026

بلوچستان میں تجارتی و سرحدی اہداف پر حملے، چاغی میں پانچ گیس باؤزر نذرآتش، واشک میں اماراتی شیوخ کے فارم ہاؤس پر دھاوا

👁️ 60 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بلوچستان میں تجارتی و سرحدی اہداف پر حملے، چاغی میں پانچ گیس باؤزر نذرآتش، واشک میں اماراتی شیوخ کے فارم ہاؤس پر دھاوا

بلوچستان میں تجارتی و سرحدی اہداف پر حملے، چاغی میں پانچ گیس باؤزر نذرآتش، واشک میں اماراتی شیوخ کے فارم ہاؤس پر دھاوا

کوئٹہ (ڈیلی اردو) پاکستان کے شورش زدہ صوبہ بلوچستان میں نامعلوم مسلح افراد نے دو الگ الگ کارروائیوں میں چاغی میں پانچ گیس باؤزر ٹرک نذرآتش کر دیے، جبکہ ضلع واشک میں متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے شیوخ کے فارم ہاؤس پر حملہ کرکے چھ گاڑیاں لے گئے۔ ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

 

انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچاہ میں نامعلوم مسلح افراد نے پانچ گیس باؤزر ٹرکوں کو آگ لگا دی۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے سے ٹرکوں کے انجن اور دیگر حصوں کو شدید نقصان پہنچا۔

 

حکومت بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے بتایا کہ یہ گیس باؤزر خالی تھے اور ایران کے سرحدی شہر تفتان سے ایل پی جی لینے جا رہے تھے۔

 

بلوچستان میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ایران سے ایل پی جی لانے والے گیس باؤزرز، معدنیات لے جانے والے ٹرکوں اور دیگر مال بردار گاڑیوں پر حملوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مختلف واقعات میں درجنوں ٹرک، باؤزر اور کنٹینرز کو نقصان پہنچ چکا ہے، جس سے تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔

 

تاجر رہنما صلاح الدین خلجی کے مطابق کوئٹہ-تفتان شاہراہ پر مسلسل حملوں اور ایران کے ساتھ سرحدی مسائل کے باعث تفتان میں تقریباً 400 مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز بعض گاڑیوں کو قافلے کی صورت میں تفتان سے کوئٹہ لانے کی کوشش کی گئی، تاہم نوشکی کے قریب حملے کے باعث یہ قافلہ بھی منزل تک نہ پہنچ سکا۔

 

دوسری جانب ضلع واشک کے علاقے شمسی میں نامعلوم مسلح افراد نے متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے شیوخ کے فارم ہاؤس پر حملہ کیا اور وہاں سے چھ گاڑیاں لے گئے۔

 

ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واقعہ دو روز قبل پیش آیا اور اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مذکورہ فارم ہاؤس کو سردیوں کے موسم میں تلور کے شکار کے لیے آنے والے اماراتی شیوخ استعمال کرتے ہیں۔

 

گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے ان واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چمن-کراچی، تفتان-کوئٹہ، کوئٹہ-جیکب آباد اور ژوب سمیت اہم قومی شاہراہوں اور تجارتی راستوں کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ تجارتی سرگرمیوں اور عوام کی آمدورفت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

 

دریں اثنا، کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ جبکہ حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید جاری نہیں کی گئی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C