01/October/2026

بھارت: جماعت المجاہدین بنگلہ دیش نیٹ ورک کے خلاف این آئی اے کا کریک ڈاؤن، 4 افراد گرفتار

👁️ 70 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
بھارت: جماعت المجاہدین بنگلہ دیش نیٹ ورک کے خلاف این آئی اے کا کریک ڈاؤن، 4 افراد گرفتار

بھارت: جماعت المجاہدین بنگلہ دیش نیٹ ورک کے خلاف این آئی اے کا کریک ڈاؤن، 4 افراد گرفتار

دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے مغربی بنگال میں کالعدم تنظیم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) سے مبینہ وابستگی رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں بیک وقت چھاپے مارے، جس کے دوران 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

این آئی اے کے مطابق تحقیقات میں مبینہ طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ جے ایم بی سے وابستہ عناصر مغربی بنگال کے مختلف اضلاع کے نوجوانوں کو انتہاپسند نظریات کی طرف راغب کرنے اور تنظیم سے جوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق مشرقی بردوان اور جنوبی 24 پرگنہ اضلاع میں کی جانے والی کارروائی کے دوران اہم دستاویزات، موبائل فون، سم کارڈز اور مبینہ جہادی لٹریچر برآمد کیا گیا۔ دستاویزات میں ایسے نوجوانوں کے نام بھی شامل ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر گرفتار افراد کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔

نوجوانوں تک رسائی کے لیے مبینہ سوشل میڈیا نیٹ ورک

این آئی اے کی تحقیقات کے مطابق جے ایم بی سے وابستہ عناصر مبینہ طور پر نوجوانوں تک پہنچنے کے لیے مرحلہ وار طریقہ استعمال کر رہے تھے۔ ابتدائی طور پر ٹیلیگرام پر ’’پوربو آکاش‘‘ کے نام سے جے ایم بی سے متعلق پیغامات پھیلائے جاتے تھے۔

تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ ان پیغامات میں دلچسپی ظاہر کرنے والے نوجوانوں کی شناخت کے بعد گرفتار افراد مبینہ طور پر ان سے انفرادی طور پر یا چھوٹے گروپوں کی صورت میں رابطہ کرتے تھے، جس کے بعد انہیں تنظیم میں شامل ہونے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی جاتی تھی۔

خفیہ رابطوں اور فنڈنگ کے الزامات

این آئی اے کے مطابق ابتدائی رابطے کے بعد بعض نوجوانوں سے خفیہ چیٹ کے ذریعے بات چیت کی جاتی تھی۔ تفتیشی ادارے کا الزام ہے کہ ان رابطوں میں ملک کے مختلف حصوں میں نیٹ ورک قائم کرنے اور مبینہ تخریبی سرگرمیوں سے متعلق امور زیر بحث آتے تھے۔

تحقیق میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ گرفتار افراد مبینہ طور پر اپنی سرگرمیوں کے لیے فنڈز جمع کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جبکہ کارروائی کے دوران کئی موبائل فون، سم کارڈز اور دیگر مواد قبضے میں لیا گیا۔

چار افراد کہاں سے گرفتار ہوئے؟

این آئی اے نے مشرقی بردوان ضلع کے منگل کوٹ تھانے کی حدود میں پالیش گرام گاؤں کی ایک مسجد سے منسلک امام پیر محمد شیخ کو گرفتار کیا۔

جنوبی 24 پرگنہ ضلع سے جمن شیخ، شاہرل پرکیات اور عبد الرفیق کو حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق جمن شیخ کو مٹھپوکر، شاہرل پرکیات کو بلرام پور جبکہ عبد الرفیق کو نریندر پور کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

ایک اور مشتبہ شخص کی تلاش جاری

این آئی اے مغربی بنگال میں جے ایم بی سے مبینہ طور پر منسلک ایک اور شخص مجیب الرحمان کی بھی تلاش کر رہی ہے۔ تفتیشی ٹیم نے جنوبی دیناج پور ضلع کے بنشیہری کے کشکری گاؤں میں اس کے رہائشی مکان پر چھاپہ مار کر تلاشی لی، تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھا۔

این آئی اے کے مطابق یہ کارروائی جے ایم بی کے مبینہ سلیپر سیل اور اس سے وابستہ نیٹ ورک کی تحقیقات کا حصہ ہے، جبکہ گرفتار افراد سے مزید تفتیش کے ذریعے نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ارکان اور روابط کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C