18/August/2025

سانگھڑ میں صحافی خاور حسین کی پراسرار موت، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

👁️ 477 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
سانگھڑ میں صحافی خاور حسین کی پراسرار موت، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

سانگھڑ میں صحافی خاور حسین کی پراسرار موت، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

کراچی / سانگھڑ (نمائندگان  ڈیلی اردو)  سندھ پولیس نے ڈان نیوز سے وابستہ صحافی خاور حسین کی پراسرار موت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خاور حسین کی لاش ہفتہ کی شب سانگھڑ کے ایک ریستوران کے باہر کھڑی ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی تھی۔

 

سانگھڑ پولیس کے ایس ایس پی عابد بلوچ کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم اور فرانزک مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ گاڑی سے پستول اور خول برآمد ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خاور حسین کی اہلیہ ڈاکٹر شازیہ بلوچ کی مدعیت میں باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے کی جا رہی ہیں اور بظاہر یہ خودکشی یا قتل دونوں امکانات ہو سکتے ہیں۔ خاور حسین کے فون ریکارڈ کا بھی تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ سانگھڑ آنے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

 

سندھ کے وزیرِ داخلہ ضیا لنجار نے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کی سربراہی میں تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی ہے جو سات روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی میں ڈی آئی جی عرفان بلوچ اور ایس ایس پی عابد بلوچ بھی شامل ہیں۔

 

خاندانی بیانات

 

خاور حسین کی اہلیہ ڈاکٹر شازیہ بلوچ نے ابتدائی بیان میں کہا کہ ان کے شوہر کو نامعلوم شخص نے قتل کیا ہے۔


ان کے بہنوئی محسن اقبال کے مطابق خاور حسین ان کے کاروباری تنازعے کو حل کرنے کے لیے سانگھڑ گئے تھے۔ محسن نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں ان کے خاندان پر دباؤ تھا اور خاور اس معاملے کو سلجھانے کے لیے مقامی سیاسی رہنماؤں سے بھی رابطے کر رہے تھے۔

محسن اقبال کا کہنا تھا کہ ’’اب یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ خاور نے خودکشی کی ہے جو حقائق کے منافی معلوم ہوتا ہے۔‘‘

 

دوستوں اور ساتھیوں کے تاثرات

 

خاور حسین کے قریبی دوست اور صحافی سنجے سادھوانی نے کہا کہ ’’خاور نہ کسی ذہنی دباؤ میں تھے نہ ان کی کسی سے دشمنی تھی، ان کا اچانک یوں جانا ناقابلِ یقین ہے۔‘‘


ان کے ایک اور کولیگ حماد بلغاری نے بتایا کہ خاور حسین خوش مزاج اور ہنس مکھ شخصیت کے مالک تھے جنہیں شعر و شاعری کا شوق تھا۔


اسلام آباد میں مقیم صحافی اویس یوسفزئی نے کہا کہ ’’خاور حسین کی شخصیت ایسی تھی کہ وہ کسی سے لڑائی جھگڑا کر ہی نہیں سکتے تھے، یہ سمجھنا مشکل ہے کہ ان کے ساتھ ایسا کیسے ہوا۔‘‘

 

خاور حسین کے والدین اور بھائی امریکہ میں مقیم ہیں جبکہ سانگھڑ میں ان کی آبائی زمینیں ہیں جن کی نگرانی وہ خود کرتے تھے۔

 

پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شفاف انداز میں کی جا رہی ہیں اور حتمی رپورٹ کے بعد ہی موت کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے گا۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C