11/September/2026

شام: گرفتار کیے گئے 9 سابق فوجی پائلٹوں نے غوطہ، حلب، دیر الزور اور حماہ میں فضائی حملوں میں حصہ لیا

👁️ 50 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
شام: گرفتار کیے گئے 9 سابق فوجی پائلٹوں نے غوطہ، حلب، دیر الزور اور حماہ میں فضائی حملوں میں حصہ لیا

شام: گرفتار کیے گئے 9 سابق فوجی پائلٹوں نے غوطہ، حلب، دیر الزور اور حماہ میں فضائی حملوں میں حصہ لیا

دمشق(ڈیلی اردو)شام کی وزارتِ داخلہ کے ایک ذریعے کے مطابق لطاکیہ سے حال ہی میں گرفتار کیے گئے 9 پائلٹوں سے جاری ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے شام میں بغاوت شروع ہونے کے بعد مختلف فوجی کارروائیوں میں حصہ لیا اور مجموعی طور پر 3 ہزار 200 سے زائد گھنٹے پروازیں کیں۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق گرفتار پائلٹ مختلف نوعیت کے جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے، جن میں ایم آئی 24 جنگی ہیلی کاپٹر، ایس یو 22، میگ 29 اور میگ 21 شامل تھے۔ ان کی پروازوں اور کارروائیوں کا دائرہ غوطہ شرقیہ، حلب اور اس کے نواحی علاقوں، دیر الزور اور اس کے دیہی علاقوں جبکہ حماہ کے مختلف حصوں تک پھیلا ہوا تھا۔

حکام کے مطابق پائلٹوں کو جنگی پروازوں کے علاوہ زمینی اہداف پر بمباری، آبادی والے علاقوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے، فضائی معاونت فراہم کرنے، نگرانی کرنے اور اہداف کی نشاندہی جیسے مختلف عسکری فرائض سونپے جاتے تھے۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ گرفتار افراد فضائی کارروائیوں سے قبل جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں میں مختلف اقسام کا گولہ بارود نصب کرنے، تکنیکی معائنے، پرواز کی تیاری، اہداف کے مقامات اور جغرافیائی نقاط کی نشاندہی اور متعلقہ پائلٹوں تک اہداف کی معلومات پہنچانے کے عمل میں بھی شامل رہے۔

وزارتِ داخلہ کے ذریعے کے مطابق ان پائلٹوں نے سابق شامی حکومت کے فوجی افسران کو مختلف محاذوں اور جنگی علاقوں تک منتقل کرنے کے لیے بھی فضائی سہولت فراہم کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ لطاکیہ میں داخلی سیکیورٹی فورسز اور انسدادِ دہشتگردی کے شعبے نے مشترکہ کارروائی کے دوران گرفتار کیے گئے ان 9 پائلٹوں پر سابق حکومت کے دور میں ایسے فضائی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے جن کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں اور زخمی ہونے کے واقعات پیش آئے، جبکہ متعدد علاقوں میں گھروں، شہری تنصیبات اور دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی۔

گرفتار افراد میں بریگیڈیئر جنرل منہل انور صالح، بریگیڈیئر سامی ابراہیم محمود، بریگیڈیئر غیاث علی الرحیہ، کرنل عیسیٰ عزالدین خضور، کرنل مروان صلاح نافش، کرنل بشار سمیر ونوس، لیفٹیننٹ کرنل ایہم حمزہ علیا، کیپٹن ایہم احمد داؤد اور کیپٹن عمار عیسیٰ جنیدی شامل ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C