23/November/2026

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، دفاعی تعاون کے ساتھ انسداد دہشتگردی اور بحری سلامتی میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

👁️ 53 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، دفاعی تعاون کے ساتھ انسداد دہشتگردی اور بحری سلامتی میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ ملائیشیا، دفاعی تعاون کے ساتھ انسداد دہشتگردی اور بحری سلامتی میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق

کوالالمپور (ڈیلی اردو) پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا ہے، جس کے دوران دونوں ممالک نے دفاعی اور عسکری تعاون مزید مستحکم کرنے، انسداد دہشتگردی اور بحری سلامتی کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعاون کو نئی جہت دینے کے حوالے سے ہونے والی اہم ملاقاتوں میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور وزیر دفاع محمد خالد بن نوردین بھی شامل تھے۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اعلیٰ سطح کے روابط، مشترکہ عسکری تعاون اور سکیورٹی کے شعبوں میں مسلسل مشاورت کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پوتراجایا میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے ان کے دفتر پردانا پوترا میں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون اور علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ملاقات کے بعد بتایا کہ دونوں ممالک نے دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ترکیہ کے اشتراک سے سہ فریقی تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔ اس کے علاوہ بحری سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کوششوں میں تعاون بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں، عالمی بحری راستوں کے تحفظ اور سرحدی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور تحمل کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے قومی خودمختاری کے احترام اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملائیشیا کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان ادارہ جاتی روابط اور دفاعی اشتراک مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے دوران ملائیشیا کی وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹرز کوالالمپور پہنچنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو باضابطہ گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملائیشیا کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل تان سری حاجی ملک رزاق سلیمان سمیت بری فوج، بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان بھی موجود تھے۔

فیلڈ مارشل نے ملائیشیا کے وزیر دفاع محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات کی، جس میں دفاعی تعلقات کے فروغ، دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان براہ راست تعاون اور عسکری اشتراک کے نئے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

ملائیشیا کے وزیر دفاع نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں ثالثی کے کردار اور سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملائیشیا تنازعات کے پُرامن حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو بہترین راستہ سمجھتا ہے۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کے ممتاز ہال آف فیم میں 21ویں رکن کے طور پر شامل کرنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی انہیں اس اعزاز پر مبارکباد پیش کی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعاون میں توسیع، بالخصوص ترکیہ کے ساتھ سہ فریقی اشتراک، بحری سلامتی اور انسداد دہشتگردی کے شعبوں میں ممکنہ تعاون دونوں ممالک کے علاقائی سکیورٹی تعلقات کو مزید وسعت دے سکتا ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C