30/July/2026

کیچ: اغوا کیے گئے 7 مزدوروں میں سے 6 کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

👁️ 23 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
کیچ: اغوا کیے گئے 7 مزدوروں میں سے 6 کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

کیچ: اغوا کیے گئے 7 مزدوروں میں سے 6 کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد

کوئٹہ (ڈیلی اردو رپورٹ) پاکستان کے شورش زدہ  صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل ضلع کیچ میں اغوا کیے گئے سات مزدوروں میں سے چھ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس سے قبل ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد ہلاک کر دیا گیا تھا، جس کے بعد واقعے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں کی مجموعی تعداد سات ہو گئی ہے۔

 

مقامی پولیس کے مطابق تمام لاشیں ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت کے قریب ناصر آباد کے علاقے سے برآمد ہوئیں۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا ہے۔

 

محکمہ داخلہ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا بابر یوسفزئی نے بتایا کہ یہ وہی مزدور تھے جنہیں دو روز قبل تربت کے قریب کلاتک کے علاقے سے نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا۔ 

 

ان کے مطابق مجموعی طور پر سات مزدور اغوا کیے گئے تھے، جن میں سے ایک کو اغوا کے فوری بعد ہلاک کر دیا گیا تھا، جبکہ باقی چھ افراد کی لاشیں اب برآمد ہوئی ہیں۔

 

بابر یوسفزئی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار افراد کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ کارروائی ایسے شرپسند عناصر نے کی ہے جو بیرونی سرپرستی میں بلوچستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

 

پاکستان، کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے لیے "فتنہ الہندوستان" کی اصطلاح استعمال کرتا ہے۔

 

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی سفاکانہ کارروائی قرار دیا۔

 

اپنے بیان میں انہوں نے ہلاک ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ محنت کشوں کو نشانہ بنا کر نہ صرف قیمتی انسانی جانیں ضائع کی گئی ہیں بلکہ بلوچستان کے امن اور ترقی کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ "فتنہ الہندوستان" سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اب نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

 

واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C