28/February/2025

اسرائیل کو جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر مجبور کیا جائے، حماس کا عالمی برادری سے مطالبہ

👁️ 91 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
اسرائیل کو جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر مجبور کیا جائے، حماس کا عالمی برادری سے مطالبہ

اسرائیل کو جنگ بندی کے اگلے مرحلے پر مجبور کیا جائے، حماس کا عالمی برادری سے مطالبہ

غزہ (ڈیلی اردو/اے ایف پی/رائٹرز/ڈی پی اے) حماس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو مجبور کرے کہ وہ ’بلا تاخیر‘ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے۔مصری سکیورٹی ذرائع کے مطابق اسرائیل غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 42 دنوں کی توسیع کی کوشش کر رہا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، ”ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے کہ وہ معاہدے میں طے شدہ اپنے کردار پر قائم رہے اور بنا کسی تاخیر کے معاہدے کے دوسرے مرحلے میں فوری طور پر داخل ہو۔‘‘

حماس کی طرف سے یہ بیان غزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی مدت ختم ہونے سے ایک روز قبل سامنے آیا ہے۔

’اسرائیل غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں چھ ہفتوں کی توسیع کا خواہاں‘

قاہرہ میں موجود اسرائیلی وفد غزہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 42 دنوں کی توسیع کے لیے کوشش کر رہا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے یہ بات مصر کے دو سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔

ان ذرائع کے مطابق تاہم حماس معاہدے کے پہلے مرحلے میں توسیع کی بجائے، طے شدہ پروگرام کے مطابق جنگ بندی کے دوسرے مرحلے پر مذاکرات شروع کرنے کے حق میں ہے۔

خیال رہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد 19 جنوری کو شروع ہوا تھا اور یکم مارچ کو ختم ہو رہا ہے۔

جنگ بندی کے پہلے مرحلے تحت حماس نے اپنے قبضے میں موجود 25 زندہ اسرائیلی اور دوہری شہریت رکھنے والے یرغمالیوں کو رہا کیا، جبکہ اس کے بدلے میں اسرائیل نے اپنی جیلوں میں موجود 1900 کے قریب قیدیوں کو رہا کیا۔ حماس نے اس معاہدے سے ہٹ کر اپنے قبضے میں موجود پانچ تھائی باشندوں کو بھی رہا کیا۔

فوج سات اکتوبر کے حملے کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام رہی، اسرائیلی تحقیقات

اسرائیلی فوج کی طرف سے داخلی تحقیقات کے نتائج جمعرات 27 فروری کو جاری کیے گئے، جن میں یہ بات تسلیم کی گئی ہے کہ اسرائیلی فوج سات اکتوبر کے حملے کو روکنے مکمل طور پر ناکام رہی۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات اسرائیلی فوج کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی۔

اس اہلکار کے مطابق اسرائیل کے اندر ”اس دن بہت زیادہ سویلین مرے‘‘ جب فوج ان کے تحفظ میں ناکام رہی۔

اس داخلی تحقیقات سے متعلق بریفنگ کے دوران ایک سینیئر فوجی اہلکار نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے یہ بات تسلیم کی ہے کہ وہ ”ضرورت سے زیادہ پر اعتماد‘‘ تھی اور حملے سے قبل اسے حماس کی فوجی صلاحیتوں کے بارے میں غلط فہمیاں تھیں۔‘‘

اس داخلی تحقیقات کے نتائج جاری کیے جانے کے بعد اسرائیلی فوج کے سربراہ جنرل ہیرزی ہلیوی نے کہا، ”اس کی ذمہ داری ان پر ہے۔‘‘

ہلیوی سات اکتوبر کی ‘ناکامی‘ کو تسلیم کرتے ہوئے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔

حماس اور اس کے اتحادیوں نے سات اکتوبر 2023ء کو اسرائیل کے اندر دہشت گردانہ حملہ کیا تھا۔ اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق حماس کے حملے کے نتیجے میں 1215 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔ حماس نے اس حملے کے دوران 251 افراد کو یرغمال بنایا تھا۔ غزہ میں اب بھی 62 یرغمالی موجود ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ان میں سے 35 ہلاک ہو چکے ہیں۔

حماس کے زیر انتظام علاقے کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی جوابی کارروائیمیں غزہ میں کم از کم 48,319 افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C