اسرائیلی فوج کا پناہ گزین کیمپ میں چھاپہ، 6 فلسطینی ہلاک
👁️ 66 بار دیکھا گیا
اسرائیلی فوج کا پناہ گزین کیمپ میں چھاپہ، 6 فلسطینی ہلاک
غزہ + تل ابیب (ڈیلی اردو/بی بی سی) فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کے چھاپے میں چھ فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔
اسرائیل کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص گذشتہ ماہ دو اسرائیلی بھائیوں کو قتل کرنے کا ذمہ دار تھا۔
ہوارہ کے جنوبی قصبے میں ان بھائیوں کے قتل نے یہودی آباد کاروں کو مشتعل کیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے یہ چھاپہ منگل کی سہ پہر ایک پناہ گزین کیمپ میں مارا تھا جو فلسطینی عسکریت پسندوں کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کا اکثر ہدف رہا ہے۔
اس چھاپے کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کی اطلاعات بھی ملی جبکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ایک عمارت سے دھواں اٹھتا اور فوجی گاڑیوں کی ایک لمبی قطار پر ہیلی کاپٹر اڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے مطلوب شخص کا تعاقب کرتے ہوئے کندھے سے مار کرنے والے میزائل کا استعمال کیا اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ مقامی مسلح جنگجوؤں نے ایمبولینس سے فوجیوں پر گولی چلائی۔
کشیدگی بدھ کی صبح بھی جاری ہے اور خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کی صبح غزہ کی پٹی سے یہودی آبادی پر ایک راکٹ حملہ کیے جانے کی اطلاع ملی ہے۔
غزہ کی پٹی کے قریب یہودی آبادیوں میں ممکنہ راکٹ حملے کے پیش نظر الارم بجائے گئے جبکہ اسرائیلی پناہ گاہوں کی طرف بھاگ رہے تھے تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ راکٹ حملہ یہودی آبادی تک نہیں پہنچ سکا اور یہ غزہ کی پٹی میں ہی گرا۔
حماس اور اسلامی جہاد کے بیانات کے مطابق اسرائیلی فوج کے حملے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد حماس کے عسکری گروہ ’جہاد اور فتح‘ سے تعلق رکھنے والے تھے۔
حماس کے مسلح ونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اپنے جنگجوؤں سے کہتے ہیں کے اسرائیلی قبضے کے خلاف مزاحمت کو جاری رکھیں اور ہمارے قبضہ کیے گئے ملک میں ہر جگہ ان کا مقابلہ کریں۔‘
جبکہ اسرائیلی فوج کے چھاپے میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکت پر رملہ کے علاقے میں بھی فلسطینی شہریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
ادھر فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق پانچ ہلاک ہونے والے افراد کی عمریں 20 کی دہائی میں تھیں جبکہ ایک شخص کی عمر 49 برس تھی، جس کی شناخت عبدالفتاح خروشہ کے نام سے کی گئی ہے۔
یہ سمجھا جاتا ہے کہ وہ نابلس سے فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے رکن تھے اور اسرائیلی جیل میں وقت گزار چکے تھے۔
اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ عبدالفتاح خروشہ کے دو بیٹوں پر بھی یہودی بھائیوں پر حملے میں معاونت کا شبہ ہے اور انھیں منگل کو نابلس میں بیک وقت ایک کارروائی میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
22 سالہ ہلیل یانیف اور 20 سالہ یاگل یانیف کو نابلس سے تقریباً چار میل جنوب میں ہوارہ میں قتل کیا گیا تھا۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے ’اس گھناؤنے دہشت گرد کو ختم کر دیا، جس نے سفاکی سے (بھائیوں) کو قتل کیا تھا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہمارے بہادر جنگجوؤں نے قاتلوں کے ٹھکانے پر گھس کر سرجیکل آپریشن کیا۔‘
فلسطینی ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو رودینہ نے اسرائیلی حکومت پر ’مکمل جنگ چھیڑنے‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’اس خطرناک کشیدگی‘ کی ذمہ دار ہے۔
یہودی بھائیوں کے قتل کے چند گھنٹوں کے اندر ہی سینکڑوں یہودی آباد کار بدلہ لینے کے لیے ہوارہ میں گھس آئے تھے اور انھوں نے درجنوں کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی تھی۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ان جھڑپوں میں 37 سالہ سامح اقتاش کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا جب یہ یہودی آباد کاروں کے ساتھ گاؤں میں داخل ہوئے تھے تاہم اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ اس قتل میں ملوث نہیں جبکہ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ جھڑپوں میں 100 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے۔
ہوارہ پر حملہ یہودی آباد کاروں پر اپنی نوعیت کے سب سے پرتشدد واقعات میں سے ایک تھا۔ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی اور تشدد ایک مستقل مسئلہ ہے۔
فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر الزام لگایا کہ وہ قصبے پر حملہ کرنے والے آباد کاروں کو روکنے کے لیے کچھ نہیں کر رہی۔ سوموار کی رات ہوارہ میں مزید تشدد ہوا، سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں یہودی آباد کاروں کو ایک کھڑی کار میں فلسطینی خاندان پر پتھراؤ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
یاد رہے کہ اس سال مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تشدد میں اضافہ ہوا ہے اور اب تک کم از کم 70 فلسطینی، عسکریت پسند اور عام شہری، اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے ہیں جبکہ مختلف حملوں میں 13 اسرائیلی افراد مارے جا چکے ہیں، جن میں ایک پیرا ملٹری پولیس افسر کے باقی تمام عام شہری ہیں۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
آبنائے ہرمز میں ایک اور آئل ٹینکر میں دھماکا اور آگ، ایران کا سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کا دعویٰ
19/October/2026 👁️ 48 بار دیکھا گیا
قلات میں کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک، گوادر میں آئی ای ڈی دھماکے سے میجر بھی ہلاک
19/October/2026 👁️ 30 بار دیکھا گیا
نیتن یاہو کا نیا دفاعی منصوبہ، ایران میں حکومت کی تبدیلی اور اسلحہ سازی میں خود کفالت پر زور
19/October/2026 👁️ 108 بار دیکھا گیا
نیتن یاہو ایران کے ساتھ نئی جنگ کے لیے واشنگٹن پر دباؤ ڈال رہے ہیں، عباس عراقچی کا الزام
19/October/2026 👁️ 93 بار دیکھا گیا
تل ابیب سے ویانا جانے والی پرواز کی صوفیہ میں ہنگامی لینڈنگ، بم کی دھمکی پر مسافروں سے پوچھ گچھ
19/October/2026 👁️ 66 بار دیکھا گیا
یمن میں سعودی فضائی حملوں میں 30 سے زائد افراد ہلاک و زخمی ، حوثی باغیوں کا دعویٰ
19/October/2026 👁️ 76 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26383 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15620 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11914 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9268 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7525 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5476 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C