افغانستان میں طالبان نے اپنا اصل روپ دکھانا شروع کر دیا
👁️ 113 بار دیکھا گیا
افغانستان میں طالبان نے اپنا اصل روپ دکھانا شروع کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی اردو/وی او اے) افغانستان میں طالبان کی جانب سے وائس آف امریکہ اور دیگر غیر ملکی میڈیا اداروں کی نشریات روکنے کا حکم جاری کرنے کے بعد ملک میں آزادیٔ اظہار کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان کے ارادے اور اہداف کسی سے ڈھکے چھپے نہیں اور وہ افغانستان کو ایک ایسی جگہ بنانا چاہتے ہیں جہاں سے کسی کی فریاد باہر نہ سنائی دی جائے۔
طالبان کی طرف سے میڈیا اداروں کی نشریات روکنے کے حالیہ احکامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب 23 مارچ کو طالبان نے لڑکیوں کے اسکولوں کی دوبارہ بندش کا اعلان کیا تھا۔
افغانستان میں گزشتہ برس اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد متعدد صحافیوں نے ملک چھوڑنے کو ترجیح دی کیوں کہ وہ یہ نہیں سمجھتے تھے کہ طالبان کے دورِ حکومت میں وہ آزاد صحافت کر سکیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان کی جانب سے میڈیا پر حالیہ پابندیاں ان کے لیے قطعی طور پر حیران کن نہیں۔
سینئر صحافی اور افغان امور کے ماہر سمیع یوسفزئی کا کہنا ہے کہ “طالبان کی میڈیا کے متعلق سوچ اور فکر انتہائی خطرناک ہے کیوں کہ جب وہ افغانستان میں چھپنے والے چھوٹے چھوٹے اخبارات اور رسائل کی کوریج کو برداشت نہیں کر سکتے تو وہ وائس آف امریکہ، بی بی سی یا جرمن ٹی وی کی نشریات کو بھلا کیسے برداشت کریں گے۔”
وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان کو اقتدار میں آئے سات ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے اور انہوں نے اپنا اصل رنگ و روپ دکھانا شروع کر دیا ہے۔
ان کے بقول طالبان کے اقدامات سے صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ ان کے نظریات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور اب بھی ان پر وہی سخت گیر خیالات حاوی ہیں۔
سمیع یوسفزئی کے مطابق طالبان چاہتے ہیں کہ عالمی میڈیا بھی افغانستان کے حالات اسی طرز میں نشر کرے جیسا کہ ان کے اپنے میڈیا ‘ریڈیو شریعت’ پر نشر کیے جاتے ہیں لیکن غیرملکی اداروں کے لیے ایسا کرنا ناممکن ہے۔
افغانستان اینڈیپنڈنٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حجت اللہ مجددی نے طالبان کےغیر ملکی میڈیا کی بندش کے اقدام کے حوالے سے کہا کہ طالبان کو میڈیا کے خلاف جارحانہ پالیسی بنانے کے بجائے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور اداروں کے ساتھ بات چیت کر کے تمام معاملات حل کرنے چاہیئں۔
انہوں نے کہا کہ جب بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی نشریات پر پابندی لگائی جاتی ہے تو اس سے ملک بیرونی دنیا سے کٹ جاتا ہے۔ میڈیا کارکنان کو حراست میں لینا اور اداروں کی بندش نہ تو افغان عوام اور نہ ہی موجودہ نظام کے فائدے میں ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے طالبان کی حکومت کو بے روزگاری، صحت، تعلیم اوراقتصادی لحاظ سے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ ملک کی نصف آبادی خوراک کی قلت سے دوچار ہے جب کہ بین الاقوامی برادری کے شدید دباؤ کے باوجود طالبان انسانی حقوق، خواتین کی تعلیم، روزگار اور آزادیٔ اظہار جیسے معاملات پر تعاون کرنے کو تیار نہیں۔
سمیع یوسفزئی نے کہا کہ “طالبان ایک جنگجو گروپ ہیں نہ کہ سیاسی گروپ، جو اپنی قوم کو جواب دہ ہو۔ تو جو گروپ اپنے آپ کو قوم کے سامنے جواب دہ نہ سمجھتا ہو وہ بھلا بین الاقوامی دباؤ کو کس خاطر میں لائےگا ؟”
انہوں نے کہا کہ طالبان کو لوگوں کی زندگیوں اور معاشی حالات سے کوئی سروکار نہیں کیوں کہ یہ لوگ نہ تو کوئی الیکشن جیت کر آئے ہیں نہ ہی انہوں نے پانچ برس بعد اپنی کارگردگی کی بنیاد پر لوگوں سے ووٹ مانگنے جانا ہے۔
اسکولوں کی دوبارہ بندش کے خلاف عالمی سطح پر بھی سخت ردِ عمل آیا ہے جب کہ افغانستان میں طالبات اور خواتین نے احتجاج بھی کیا ہے۔
کابل میں مقیم ایک سینئر صحافی نے عالمی میڈیا کے بعض چینلز کی بندش پر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان کے برسراقتدار آنے کے بعد سے متعددمیڈیا ادارے بند ہو چکے ہیں اور ابھی جن اداروں کی نشریات کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے وہ ادارے ہیں جن کے افغانستان میں باقائدہ دفاتر موجود نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وقت کے ساتھ ساتھ طالبان کے خیالات میں جدت اور روشن خیالی نہیں آئی لیکن میڈیا پر بندش کے حربے زیادہ دیر نہیں چل سکتے ۔
انہوں نے سوشل میڈیا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اب تو ہر جیب میں میڈیا موجود ہے تو طالبان انٹرنیٹ اور اسمارٹ فون کی موجودگی میں کس طرح سے غیر ملکی اداروں کی کوریج کو بند کر سکیں گے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
آبنائے ہرمز پر امریکی مداخلت برداشت نہیں کرینگے، ایران
14/July/2026 👁️ 130 بار دیکھا گیا
ٹانک میں پولیس کی بکتر بند گاڑی پر دھماکا، افسر سمیت 2 اہلکار ہلاک، 2 زخمی
14/July/2026 👁️ 108 بار دیکھا گیا
یمن حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنا دیے گئے، سعودی اتحادی فورس
14/July/2026 👁️ 123 بار دیکھا گیا
ٹرمپ کا ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کا اعلان، آبنائے ہرمز کے کنٹرول کا دعویٰ
14/July/2026 👁️ 93 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں مبینہ ڈرون حملے کے خلاف احتجاج
14/July/2026 👁️ 166 بار دیکھا گیا
ایران کا چھ خلیجی ممالک میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
13/July/2026 👁️ 156 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8938 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4771 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3546 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2542 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2292 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1984 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C