بلوچستان: خضدار میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چار مظاہرین زخمی
👁️ 120 بار دیکھا گیا
بلوچستان: خضدار میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے چار مظاہرین زخمی
کوئٹہ (ڈیلی اردو/ بی بی سی) پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے چار مظاہرین زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کا الزام ہے کہ ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں سکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں پارٹی کے چار کارکن زخمی ہوئے ہیں۔
پیر کی شب کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے الزام عائد کیا کہ پرامن مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی گئی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی خواتین رہنماؤں اور کارکنوں کی عدم رہائی اور لکپاس کے مقام پر دھرنے کے شرکا کو کوئٹہ جانے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی جبکہ ضلع مستونگ میں لکپاس کے مقام پر دھرنا بھی مسلسل جاری رہا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت مسائل کا سیاسی حل چاہتی ہے تاہم بی این پی کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے کے باعث ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
خضدار میں شاہراہ سے مظاہرین کو ہٹانے کیلئے کارروائی
اتوار کے روز دھرنے کے شرکا کو کوئٹہ کی جانب مارچ کی اجازت نہ ملنے کے خلاف بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شاہراہیں بند کر دی گئی تھیں۔ شام تک اکثر علاقوں میں راستے کھول دیے گئے تاہم خضدار اور وڈھ میں کوئٹہ کراچی شاہراہ پیر کو بھی بند رہی۔
پیر کے روز خضدار شہر اور وڈھ میں پولیس، لیویز اور ایف سی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
وڈھ شہر کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایسی ویڈیوز بھی گردش کرتی رہیں جن کے متعلق دعویٰ کیا گیا کہ ان میں فاِئرنگ کی بھی آوازیں آرہی ہیں۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ یہ ویڈیوز مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی ہیں تاہم سرکاری سطح پر ان ویڈیوز کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
بی بی سی بھی ان ویڈیوز کی آزادانہ تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔
کوئٹہ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی کے رہنما ساجد ترین ایڈووکیٹ نے الزام عائد کیا کہ وڈھ میں مظاہرین پر سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر براہ راست فائرنگ کی گئی جس میں چار کارکن زخمی ہوئے۔
اس حوالے سے حکومت کا موقف لینے کے لیے بی بی سی نے حکومت بلوچستان کے ترجمان اور خضدار پولیس کے ایس ایس پی سے فون پر رابطے کرنے کے علاوہ انھیں واٹس ایپ پر پیغام بھی بھیجا ہے تاہم تادمِ تحریر ہمیں کوئی جواب نہیں ملا۔
اگرچہ سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائی کے نتیجے میں وڈھ سے کوئٹہ کراچی ہائی وے پر ٹریفک کچھ دیر کے لیے بحال ہوئی تاہم بعد میں مظاہرین نے دوبارہ اس کو بند کر دیا۔
وڈھ شہر میں ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہاں سے کوئٹہ کراچی ہائی وے تاحال بند ہے جبکہ خضدار شہر میں پولیس کنٹرول کے اہلکار نے بتایا کہ شہر کی حدود میں شاہراہ پر کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
بی این پی کی کال پر شٹر ڈاؤن ہڑتال
بی وائی سی کی خواتین رہنماؤں کی عدم رہائی اور لکپاس کے علاقے سے دھرنا کے شرکا کو کوئٹہ کی جانب مارچ کی اجازت نہ دینے کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کی کال پر پیر بلوچستان کے اکثر علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوئی۔
پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران ساجد ترین ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا کہ ہڑتال کامیاب رہی، انھوں نے اس پر تاجر تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔
تاہم محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان نے ہڑتال کو ناکام قرار دیا ہے۔
ہڑتال کے ساتھ ساتھ لکپاس کے علاقے میں دھرنا پیر کو دسویں روز بھی جاری رہا۔ دھرنے کے شرکا کو کوئٹہ آنے سے روکنے کے لیے کوئٹہ اور مستونگ کی ضلعی انتظامیہ نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر لکپاس اور کوئٹہ شہر کے درمیان مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں جس کے باعث کوئٹہ اور بلوچستان کے دیگر شہروں کے درمیان اس اہم شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت دس روز سے معطل ہے۔
ڈیڈلاک کی وجہ سے کشیدہ صورتحال اور لوگوں کو درپیش مشکلات کے لیے بلوچستان نیشنل پارٹی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ تاہم حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا ہے۔
بلوچستان کی قبائلی اور سیاسی شخصیات میر اسراراللہ زہری اور سردار کمال خان بنگلزئی سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل کے ساتھ بات چیت کے تین دور ہوچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نے ان کی جانب سے پیش کیے گئے تین مطالبات میں سے ایک مطالبہ تسلیم کیا ہے، حکومت نے مسئلے کے سیاسی حل کی سنجیدہ کوشش کی لیکن دوسری جانب سے مثبت جواب نہیں آیا جس کی وجہ سے ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
عراق میں ایرانی مسلح گروہوں کا ہتھیار ڈالنے کا اعلان
14/June/2026 👁️ 163 بار دیکھا گیا
اسرائیل کے لبنان پر حملے جاری، 24 علاقوں کیلئے انخلا کا حکم
14/June/2026 👁️ 203 بار دیکھا گیا
امریکہ کے ساتھ امن معاہدے پر اتوار کو دستخط ممکن نہیں، ایران
14/June/2026 👁️ 132 بار دیکھا گیا
ایران کے ساتھ معاہدہ اتوار کو دستخط ہوگا، امریکی صدر ٹرمپ
14/June/2026 👁️ 124 بار دیکھا گیا
دفاعی بجٹ 3 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا، تین برس میں 878 ارب کا اضافہ
14/June/2026 👁️ 142 بار دیکھا گیا
بھارت نے لیفٹیننٹ جنرل دھیرج سیٹھ کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کر دیا
14/June/2026 👁️ 231 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8819 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4536 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3261 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2442 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2082 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ نے پولیس افسر قیصر حسین کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کرلی
26/August/2025 👁️ 1886 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C