غزہ پر اسرائیلی بمباری، صحافی سمیت 25 افراد ہلاک، 6 صحافیوں سمیت متعدد زخمی
👁️ 284 بار دیکھا گیا
غزہ پر اسرائیلی بمباری، صحافی سمیت 25 افراد ہلاک، 6 صحافیوں سمیت متعدد زخمی
غزہ + تل ابیب (ڈیلی اردو/اے پی/رائٹرز/اے ایف پی) غزہ میں طبی ماہرین کے مطابق اسرائیلی فوج نے دو ہسپتالوں کے باہر قائم کیے گئے عارضی خیموں پر حملے کیے۔ یہ تازہ حملے ایک ایسے موقع پر کیے گئے جب اسرائیلی وزیر اعظم آج امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
غزہ پٹی میں طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے تازہ حملوں میں ایک صحافی سمیت کم ازکم پچیس فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی افواج نے اتوار کو رات گئے غزہ پٹی میں دو بڑے ہسپتالوں کے باہرنصب کیے گئے خیموں پر حملہ کیا، جس میں ایک مقامی رپورٹر سمیت کم از کم دو افراد ہلاک اور چھ رپورٹروں سمیت نو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
ان ہسپتالوں کے عملے کے پورے رہائشی علاقے میں الگ الگ حملوں میں تیئیس دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے۔ اسرائیل نے گزشتہ ماہ حماس کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد سے غزہ پر حملوں کی لہر جاری رکھی ہوئی ہے جبکہ اس کی زمینی افواج نے غزہ کی ساحلی پٹی میں نئے فوجی زونز بھی قائم کیے ہیں۔
اسرائیل نے ایک ماہ سے زائد عرصے سے غزہ میں خوراک، ایندھن، ادویات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ترسیل پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے، کیونکہ وہ حماس پر جنوری میں ہونے والے جنگ بندی معاہدے میں تبدیلیاں قبول کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔
خان یونس میں ناصر ہسپتال کے باہر میڈیا کے ایک خیمے پر دوپہر کے قریب حملے نے اس خیمے کو آگ لگا دی، جس میں ہسپتال کے مطابق فلسطین ٹوڈے نیوز ویب سائٹ کے رپورٹر یوسف الفقاوی کے علاوہ ایک اور شخص ہلاک ہو گیا۔
اس حملے میں چھ دیگر صحافی زخمی بھی ہوئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے حماس کے ایک عسکریت پسند کو نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی فوج کا مزید کہنا ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے کی کوشش کرتی ہے اور فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کو ان ہلاکتوں کا ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حماس شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر بھی استعمال کرتی ہے، جبکہ حماس اس الزام کی تردید کرتی ہے۔
اسرائیل نے غزہ پٹی کے وسطی شہر دیر البلاح میں الاقصی شہداء ہسپتال کے پاس بھی خیموں کو نشانہ بنایا ، ہسپتال کے مطابق اس حملے میں تین افراد زخمی ہوئے۔ ناصر ہسپتال کا کہنا ہے کہ اسے اتوار کو رات بھر اور پیر کی صبح تک اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے مزید 15 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جن میں چھ خواتین اور چار بچے بھی شامل ہیں۔
الاقصیٰ شہداء ہسپتال نے کہا ہے کہ دیر البلاح میں عام گھروں پر دو الگ الگ حملوں میں تین خواتین اور تین بچوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔
ہسپتالوں میں ہزاروں پناہ گزین
غزہ میں اٹھارہ ماہ سے جاری جنگ کے دوران ہزاروں افراد نے ہسپتالوں کے احاطوں میں لگائے گئے خیموں میں پناہ لے رکھی ہے، یہ خیال کرتے ہوئے کہ اس نوعیت کی جگہ پر اسرائیل کی جانب سے انہیں نشانہ بنانے کا امکان کم ہوگا۔ اسرائیل نے کئی مواقع پر ہسپتالوں پر حملے کیے اور حماس پر الزام لگایا کہ وہ انہیں فوجی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی تھی جبکہ ان ہسپتالوں کا عملہ ان الزامات کی تردید کرتا ہے۔
غزہ میں جاری جنگ اس وقت شروع ہوئی جب حماس کے زیر قیادت عسکریت پسندوں نے سات اکتوبر 2023 کو اسرائیل میں داخل ہو کر فوجی اڈوں اور کاشتکار برادریوں پر دہشت گردانہ حملوں میں تقریباً 1,200 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔
تب حماس کے جنگجوؤں نے 251 افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا، جن میں سے اب بھی 59 یرغمالی حماس کے قبضے میں ہیں۔ ان میں سے 24 یرغمالیوں کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ ابھی زندہ ہیں جبکہ باقی میں سے بیشتر کو جنگ بندی یا دیگر معاہدوں کے تحت رہا کر دیا گیا تھا۔
اسرائیل نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جب تک حماس باقی ماندہ یرغمالیوں کو رہا نہیں کرتی، اپنے ہتھیار نہیں ڈال دیتی اور یہ علاقہ چھوڑ نہیں دیتی، وہ اس عسکری تنظیم پر فوجی دباؤ میں اضافہ جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اس کے بعد وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ کی زیادہ تر آبادی کو دوسرے ممالک میں آباد کرنے کی تجویز پر عمل درآمد کریں گے، جسے اسرائیلی رہنما نے مستقبل میں فلسطینیوں کی ”رضاکارانہ ہجرت‘‘ سے تعبیر کیا ہے۔
فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنا وطن چھوڑنا نہیں چاہتے اور انسانی حقوق کے ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ ٹرمپ کی تجویز پر عمل درآمد بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر بے دخلی کے مترادف ہو گا۔
نیتن یاہو آج سات اپریل بروز پیر واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل اتوار کو درجنوں مظاہرین یروشلم میں نیتن یاہو کی سرکاری رہائش گاہ کے باہر جمع ہوئے اور انہوں نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے معاہدے کا مطالبہ کیا۔
بہت سے لوگوں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو کے لڑائی کو دوبارہ شروع کرنے کے فیصلے نے بقیہ یرغمالیوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے اور امید ہے کہ ٹرمپ ایک اور معاہدے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالی ایڈن الیگزینڈر کی دادی وردا بین باروچ نے نیتن یاہو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب سچائی کا لمحہ آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا، ”آپ امریکہ میں ہیں اور آپ کو وہاں صدر ٹرمپ کے ساتھ بیٹھ کر ایک معاہدہ کرنا ہوگا تاکہ سب (یرغمالیوں) کو واپس گھر لایا جا سکے۔‘‘
غزہ پٹی کی وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں اب تک 50,000 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔
اسرائیل کوئی ثبوت فراہم کیے بغیر کہتا ہے کہ اس نے حماس کے 20,000 کے قریب عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں نے غزہ کے علاقے کو مکمل تباہی سے دو چار کرنے کے علاوہ اس کی تقریباً 90 فیصد آبادی کو بے گھر بھی کر دیا ہے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
اردن میں ایرانی حملوں کے دوران دو امریکی فوجی ہلاک، متعدد زخمی، ایک لاپتہ
19/July/2026 👁️ 241 بار دیکھا گیا
غزہ میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں 9 فلسطینی ہلاک
19/July/2026 👁️ 178 بار دیکھا گیا
بنوں میں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز جاری، مزید 3 دہشت گرد ہلاک، سرچ آپریشن میں 28 مشتبہ افراد گرفتار
19/July/2026 👁️ 147 بار دیکھا گیا
جنوبی وزیرستان میں خودکش حملے کا بڑا منصوبہ ناکام، ایک دہشت گرد ہلاک
19/July/2026 👁️ 160 بار دیکھا گیا
ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، کالعدم تنظیم کا انتہائی مطلوب کمانڈر ہلاک
19/July/2026 👁️ 153 بار دیکھا گیا
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں سے پاکستان کے براہ راست متاثر ہونے کا خدشہ
18/July/2026 👁️ 296 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8958 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4804 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3567 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 3167 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2562 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2316 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C