چین کے نئے نقشے میں بھارت کے علاقوں پر دعویٰ، نئی دہلی کا احتجاج
👁️ 151 بار دیکھا گیا
چین کے نئے نقشے میں بھارت کے علاقوں پر دعویٰ، نئی دہلی کا احتجاج
نئی دہلی + بیجنگ (ڈیلی اردو/وی او اے) بھارت نے چین کی جانب سے جاری کیے گئے اپنے نئے نقشے میں اُن علاقوں کو شامل کرنے پر بیجنگ سے شدید احتجاج کیا ہے جن پر بھارت بھی اپنا دعویٰ رکھتا ہے۔
بیجنگ نے سال 2023 کا ’اسٹینڈرڈ میپ‘ جاری کیا ہے جس میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے ساتھ واقع علاقے ’اکسائی چن‘ اور شمال مشرقی بھارتی ریاست ’اروناچل پردیش‘ کو چین کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔ یہ دونوں چین کے خودمختار علاقے تبت کے ساتھ واقع ہیں۔
اکسائی چن پر کئی دہائیوں سے چین کا کنٹرول ہے۔ نئی دہلی اس علاقے کا دعویدار ہے جب کہ اروناچل پردیش بھارت کی ریاست ہے۔
چین کی وزارتِ قدرتی وسائل نے پیر کو اپنی ویب سائٹ پر نیا نقشہ جاری کیا تھا۔ یہ نقشہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں ہی دونوں ممالک نے سرحدی تنازعات پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
چین کے اس نئے نقشے میں تائیوان اور بحیرہ جنوبی چین کو بھی بیجنگ کے زیرِ انتظام علاقے قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے کہا کہ بھارت نے چین کے اس نام نہاد ’اسٹینڈرڈ میپ‘ پر سفارتی ذرائع سے بیجنگ سے شدید احتجاج کیا ہے جس میں بھارت کے کئی علاقوں پر دعویٰ کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی اور چین کے صدر شی جن پنگ کے درمیان جنوبی افریقہ میں برکس اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک نے کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کو تیز کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
یہ نقشہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جی 20 ممالک کا اجلاس نئی دہلی کی میزبانی میں نو اور دس ستمبر کو ہو رہا ہے۔ ممکنہ طور پر اس اجلاس میں دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ چینی صدر شی جن پنگ بھی شریک ہوں گے۔
چین اور بھارت دونوں جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک ہیں۔ ان کے درمیان شمال مشرق میں لداخ سے اروناچل پردیش کے درمیان ساڑھے تین ہزار کلو میٹر کی طویل غیر واضح سرحد ہے۔ یہ سرحد کوہ ہمالیہ کے غیر آباد، صحرائی اور پہاڑی علاقوں پر مشتمل ہے۔
ہندوستان جس وقت برطانیہ کی نو آبادیات تھا اس وقت یہ معاملہ طے نہیں ہو سکا تھا۔ 1947 میں بھارت کی آزادی کے بعد بھی بیجنگ اور نئی دہلی سرحدی تنازع حل نہیں کر سکے۔
ان سرحدی تنازعات کی وجہ سے 1962 میں دونوں ممالک میں جنگ ہو چکی ہے۔ نئی دہلی کا الزام ہے کہ اس جنگ میں چین نے بھارت کے لگ بھگ 38 ہزار کلومیٹر کے رقبے پر قبضہ کیا جن میں اسکائی چن بھی شامل ہے۔
بھارت کا دعویٰ ہے کہ چین نے جس علاقے پر قبضہ کیا ہے وہ اس کے علاقے لداخ کے خطے کا حصہ ہے۔ دوسری جانب چین زور دیتا ہے کہ اکسائی چن قدیم چینی سلطنت کا حصہ تھا۔
بیجنگ کا دعویٰ ہے کہ شمال مشرق میں بھارت نے چین کے لگ بھگ 90 ہزار کلومیٹر کے علاقے پر قبضہ کیا ہے جس میں اروناچل پردیش شامل ہے، جس کو چین جنوبی تبت قرار دیتا ہے۔
دوسری جانب بھارت اروناچل پردیش کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور اس پر کنٹرول بھی نئی دہلی کا ہی ہے۔
رواں برس اپریل میں چین نے اس خطے میں لگ بھگ 11 علاقوں کے نام تبدیل کیے تھے۔ دوسری جانب بھارتی وزارتِ خارجہ نے چین کے دعوے کو مسترد کیا تھا اور ترجمان باگچی نے کہا تھا کہ اروناچل پردیش بھارت کا لازم حصہ تھا ، ہے اور رہے گا۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
حوثیوں کے سعودی عرب پر حملوں سے پاکستان کے براہ راست متاثر ہونے کا خدشہ
18/July/2026 👁️ 153 بار دیکھا گیا
بنوں میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 24 دہشت گرد ہلاک
18/July/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
ایران پر امریکی حملوں کا ساتواں روز، 38 افراد ہلاک، 400 سے زائد زخمی
18/July/2026 👁️ 109 بار دیکھا گیا
امریکی حملے بند ہونے تک جوابی کارروائیاں جاری رہیں گی، ایرانی پاسدارانِ انقلاب
18/July/2026 👁️ 115 بار دیکھا گیا
بلوچستان: مستونگ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، 8 اہلکار ہلاک، متعدد زخمی
17/July/2026 👁️ 336 بار دیکھا گیا
بنوں میں تین نامعلوم افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد
17/July/2026 👁️ 166 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
جنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 8949 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 4790 بار دیکھا گیاپاکستانی طیاروں کا کابل، پکتیکا، خوست اور جلال آباد میں فضائی حملہ، متعدد ہلاکتیں
10/October/2025 👁️ 3564 بار دیکھا گیاسعودی عرب کا پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا فیسوں میں کمی کا اعلان
16/February/2019 👁️ 2773 بار دیکھا گیاکرم: زینبیون بریگیڈ کے انتہائی مطلوب کمانڈر تہران طوری کے حملے میں پولیس افسر ہلاک
15/August/2025 👁️ 2556 بار دیکھا گیاکیا آپ کو معلوم ہے خام تیل کے ایک بیرل سے کتنے لیٹر پٹرول اور ڈیزل بنتا ہے؟
01/February/2019 👁️ 2312 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C