یوکرین اور روس بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر متفق
👁️ 133 بار دیکھا گیا
یوکرین اور روس بحیرہ اسود میں جنگ بندی پر متفق
واشنگٹن (ڈیلی اردو/اے پی/اے ایف پی/رائٹرز/ڈی پی اے) امریکی حکام کی یوکرین اور روسی وفود کے ساتھ سعودی عرب میں الگ الگ ملاقاتوں کے بعد وائٹ ہاؤس نے فریقین کے درمیان بحری جنگ بندی کا اعلان کیا۔ اس سے قبل فریقین نے توانائی کے انفراسٹرکچر پر حملہ نہ کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔
سعودی عرب میں تین روزہ امن مذاکرات کے بعد روس اور یوکرین نے امریکہ کے ساتھ الگ الگ معاہدوں کے تحت بحیرہ اسود میں بحری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔
واشنگٹن نے معاہدوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریق ایک “پائیدار اور دیرپا امن” کے لیے کام جاری رکھیں گے، جس کی وجہ سے ایک اہم تجارتی راستہ دوبارہ کھل سکے گا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایک دوسرے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملہ نہ کرنے کی جو جزوی جنگ بندی ہوئی تھی، اس کے نفاذ کے لیے بھی وہ “اقدامات تیار کرنے” کا پابند ہے۔
البتہ روس نے کہا ہے کہ یہ بحری جنگ بندی صرف اسی وقت عمل میں آئے گی، جب اس کی خوراک اور کھاد کی تجارت پر عائد متعدد پابندیاں ہٹا دی جائیں گی۔
بحیرہ اسود میں جنگ بندی میں پیش رفت اس وقت سامنے آئی، جب سعودی عرب میں منگل کے روز ختم ہونے والے طویل مذاکرات میں امریکہ نے حصہ لیا۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ دونوں ممالک نے “محفوظ بحری سفر کو یقینی بنانے، طاقت کے استعمال کو ختم کرنے اور بحیرہ اسود میں فوجی مقاصد کے لیے تجارتی جہازوں کے استعمال کو روکنے پر اتفاق کیا ہے۔”
روس نے اس حوالے سے کیا کہا؟
روس کے ایک اہم مذاکرات کار نے کہا کہ یوکرین میں جزوی جنگ بندی پر روسی اور امریکی حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت مددگار رہی ہے اور وہ اس کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
گریگوری کاراسین نے روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس کو بتایا، “ہم نے ہر چیز کے بارے میں بات کی، یہ ایک شدید مکالمہ تھا، آسان نہیں تھا، لیکن ہمارے اور امریکیوں کے لیے بہت مفید تھا۔”
لیکن واشنگٹن کے اعلان کے فوری بعد کریملن نے ایک بیان میں اس بات کی وضاحت بھی کی کہ بحیرہ اسود کی جنگ بندی اس وقت تک عمل میں نہیں آئے گی، جب تک کہ بین الاقوامی خوراک اور کھاد کی تجارت میں شامل روسی بینکوں، پیداور میں شامل یونٹوں اور برآمد کنندگان پر عائد پابندیوں کو ختم نہیں کیا جاتا۔
روس کی جانب سے جن اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے اس میں متعلقہ بینکوں کو سوئفٹ پے والے ادائیگی کے نظام سے دوبارہ جوڑنا، خوراک کی تجارت میں ملوث روسی بحری جہازوں کی سروس پر عائد پابندیوں کو ہٹانا اور خوراک کی پیداوار کے لیے درکار زرعی مشینری اور دیگر سامان کی فراہمی پر عائد پابندیوں کو ختم کرنا شامل ہے۔
روسی مذاکرات کار کاراسین نے یہ بھی کہا کہ روس چاہے گا کہ دوسرے ممالک اور اقوام متحدہ بھی ان مذاکرات میں شرکت کریں۔
انہوں نے کہا، “ہم مذاکرات جاری رکھیں گے۔ بین الاقوامی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ اور بعض دیگر ممالک کو اس میں شامل کر کے۔”
وائٹ ہاؤس کے بیان سے یہ واضح نہیں تھا کہ آخر یہ معاہدہ کب سے نافذ العمل ہو گا۔ جب پابندیاں ہٹانے کے بارے میں پوچھا گیا، تو ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا، “ہم ابھی ان سب کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ ہم ان کو دیکھ رہے ہیں۔”
امریکہ-روس مذاکرات کے بارے میں واشنگٹن کے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکہ “زرعی اور کھاد کی برآمدات کے لیے عالمی منڈی تک روس کی رسائی بحال کرنے میں مدد کرے گا”۔
یوکرین کا رد عمل
یوکرین کے وزیر دفاع رستم عمروف نے سوشل میڈیا ایکس پر اس نئے معاہدے کی خبر کی تصدیق کی۔
عمروف نے کہا کہ تمام فریقوں نے محفوظ نیویگیشن کو یقینی بنانے، طاقت کے استعمال کو ختم کرنے اور بحیرہ اسود میں فوجی مقاصد کے لیے تجارتی جہازوں کے استعمال کو روکنے پر اتفاق کیا ہے۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی نے بحیرہ اسود میں بحری جنگ کا احاطہ کرنے والے جزوی جنگ بندی معاہدے اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف فضائی حملوں کو عارضی طور پر روکنے کا خیر مقدم کیا ہے۔ البتہ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گیند اب ماسکو کے کورٹ میں ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے روزانہ شام کے خطاب میں کہا، “آنے والے دنوں میں روس کیسا برتاؤ کرتا ہے، اس سے بہت کچھ ظاہر ہو جائے گا۔ اگر دوبارہ فضائی حملوں کے انتباہات ہوتے ہیں، اگر بحیرہ اسود میں نئے سرے سے فوجی سرگرمیاں ہوتی ہیں، اگر روسی جوڑ توڑ اور دھمکیاں جاری رہتی ہیں، تو پھر، خاص طور پر ماسکو کے خلاف، نئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہو گی۔”
زیلنسکی نے مزید کہا کہ “روس سے نتائج کی ضرورت ہے۔” تاہم انہوں نے خبردار کیا، “ہمیں ان پر بھروسہ نہیں ہے۔ اور سچ کہوں تو دنیا روس پر بھروسہ نہیں کرتی ہے۔ انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ وہ واقعی جنگ کے خاتمے کے لیے تیار ہیں، وہ دنیا سے اور امریکہ سے جھوٹ بولنا بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
یوکرین نے خبردار کیا کہ بحیرہ اسود کے مشرقی حصے سے باہر روسی جنگی جہازوں کی نقل و حرکت امریکی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی ہو گی۔
عمروف نے فیس بک پر کہا کہ اگر روسی جنگی جہاز بحیرہ اسود کے مشرقی حصے سے منتقل ہوتے ہیں تو “یوکرین کو اپنے حق دفاع کے استعمال کا پورا حق حاصل ہو گا۔
یوکرین اور روس دونوں اناج کے بڑے برآمد کنندگان میں سے ہیں اور جنگ کے آغاز کے بعد سے ہی اناج کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا۔
یوکرین جانے اور آنے والے مال بردار بحری جہازوں کو روس کے حملے کے بغیر بحفاظت نیویگیشن کرنے کی اجازت دینے کے لیے “بحیرہ اسود میں اناج کا معاہدہ” بھی کیا گیا تھا۔
اس معاہدے کے سبب بحیرہ اسود کے ذریعے اناج، سورج مکھی کے تیل اور خوراک کی پیداوار کے لیے درکار دیگر مصنوعات، جیسے کھاد کی نقل و حمل میں سہولت فراہم ہوئي تھی۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
روس ایران کے ساتھ تعاون ختم نہیں کرے گا، لاوروف کا تہران میں اعلان
19/October/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
احمد آباد بم دھماکے کیس: بھارتی سپریم کورٹ نے محمد تنویر کی سزائے موت روکنے کے فیصلے کو برقرار رکھنے کا حکم دےدیا
19/October/2026 👁️ 61 بار دیکھا گیا
بلوچستان: چاغی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک، متعدد زخمی
19/October/2026 👁️ 67 بار دیکھا گیا
بھارت کے زیر انتظام کشمیر: سرینگر گرینیڈ حملہ کیس میں پلوامہ کے دو نوجوان بری، تحقیقات میں خامیوں کی نشاندہی
19/October/2026 👁️ 62 بار دیکھا گیا
امریکی حملے کی صورت میں عالمی توانائی بحران شدت اختیار کر سکتا ہے، ایران کا انتباہ
19/October/2026 👁️ 91 بار دیکھا گیا
یمن میں حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں درجنوں ہلاکتیں، باب المندب اور تعز میں شدید جھڑپیں
19/October/2026 👁️ 55 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26387 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15624 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11919 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9272 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7530 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5484 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C