12/September/2026

جنوبی وزیرستان : دفعہ 144 نافذ، وانا سمیت متعدد شاہراہوں پر آمدورفت بند

👁️ 58 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
جنوبی وزیرستان : دفعہ 144 نافذ، وانا سمیت متعدد شاہراہوں پر آمدورفت بند

جنوبی وزیرستان : دفعہ 144 نافذ، وانا سمیت متعدد شاہراہوں پر آمدورفت بند

جنوبی وزیرستان(ڈیلی اردو) خیبرپختونخواہ کے شورش زدہ قبائلی اضلاع جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ پابندی کے تحت صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مختلف علاقوں میں بازار، دکانیں اور متعدد اہم شاہراہیں بند رہیں گی۔

دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے جاری الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق مقررہ علاقوں میں پیدل افراد، موٹر سائیکلوں، مسافر گاڑیوں اور مال بردار ٹرانسپورٹ سمیت ہر قسم کی آمدورفت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان اپر میں سرویکئی اور لدھا سب ڈویژنز کے مختلف علاقوں میں بازار اور دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پابندی کے دائرے میں لدھا، مکین، تبئی سر، بی بی آر، سراروغہ، کوٹکئی، سپینکئی، رغزئی، نازر خیل، درگئی برج، مدیجان، شین ورسک، مولے خان سرائے، چغملائی، سرویکئی، باروند، آسمان مانزہ، شروانگی اور تور وام سمیت متعدد راستے شامل ہیں۔

جنوبی وزیرستان لوئر میں بھی تحصیل وانا، وانا بازار اور وانا بائی پاس سمیت اہم راستوں پر صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک آمدورفت معطل رہے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وانا، تیازہ گیٹ، کراب کوٹ، تنائی، عزیز آباد چوک، درگئی برج، گل کچ اور توئی خلہ کے راستوں پر بھی ہر قسم کی ٹریفک کی نقل و حرکت ممنوع ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولیس، سیکیورٹی فورسز، ریسکیو اور دیگر ہنگامی خدمات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ناگزیر ہنگامی صورتحال میں متعلقہ پولیس یا سیکیورٹی حکام کی اجازت سے آمدورفت ممکن ہوگی، جبکہ شہریوں کو دوران سفر شناختی کارڈ اور گاڑی کے ضروری کاغذات ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو مزید ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی سامنے آنے کی صورت میں اپنی گاڑی مناسب فاصلے پر روکیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پابندی کے باعث دونوں اضلاع کے مختلف علاقوں میں کاروباری، تعلیمی اور ٹرانسپورٹ سرگرمیاں متاثر ہونے کا امکان ہے۔ انتظامیہ کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مقصد موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں امن و امان برقرار رکھنا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C