15/November/2026

دالبندین ایئرپورٹ، زائرین اور مال بردار ٹرکوں پر حملے کا منصوبہ ناکام، دو دہشتگرد ہلاک

👁️ 29 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
دالبندین ایئرپورٹ، زائرین اور مال بردار ٹرکوں پر حملے کا منصوبہ ناکام، دو دہشتگرد ہلاک

دالبندین ایئرپورٹ، زائرین اور مال بردار ٹرکوں پر حملے کا منصوبہ ناکام، دو دہشتگرد ہلاک

دالبندین (ڈیلی اردو)  پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شورش زدہ ضلع چاغی میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دالبندین ایئرپورٹ، ایران آنے جانے والے زائرین اور تجارتی ٹرانسپورٹ کو نشانہ بنانے کا مبینہ منصوبہ ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگرد دالبندین میں حساس تنصیبات اور شہری آمدورفت کے اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ مبینہ اہداف میں دالبندین ایئرپورٹ، ایران جانے اور وہاں سے واپس آنے والے زائرین کے قیام کے لیے مختص آرام گاہ اور مال بردار گاڑیوں کا اڈہ شامل تھا۔

اطلاعات کی بنیاد پر 14 نومبر کی شب تقریباً ساڑھے 11 بجے فرنٹیئر کور کی دالبندین رائفلز سے تعلق رکھنے والی خصوصی ٹیم نے ڈھاڈر نالہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا۔ کارروائی کے تقریباً پانچ منٹ بعد سیکیورٹی اہلکاروں کا کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر ڈھاڈر لنڈی کے قریب دو مسلح مشتبہ افراد سے سامنا ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ابتدائی جائزے میں دونوں افراد کی علاقے میں مبینہ طور پر ریکی کرنے کی نشاندہی ہوئی۔ اہلکاروں کو دیکھتے ہی مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی اور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف سمتوں میں فرار ہوکر قریبی ڈھاڈر نالہ میں داخل ہوگئے۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے افراد کا تعاقب کیا، جبکہ انسدادِ دہشتگردی فورس کی دو ریزرو ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور نالے کے داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی۔ بعد ازاں فائرنگ کے تبادلے میں دونوں مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔

کارروائی کے بعد علاقے کی تلاشی کے دوران ایک موٹر سائیکل، دو سب مشین گنز، سات میگزین، 210 گولیاں، ایک کمبل اور موٹر سائیکل کی مرمت کا سامان برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر دالبندین ایئرپورٹ پر براہ راست حملے کی اطلاعات گردش کرنے کے بعد سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ ایئرپورٹ پر کوئی حملہ نہیں ہوا، بلکہ فورسز نے مبینہ حملے کی تیاری اور علاقے کی ریکی کے مرحلے میں ہی مشتبہ دہشتگردوں کو روک لیا۔

واضح رہے کہ کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 بلوچستان کو ایران سے ملانے والا اہم زمینی راستہ ہے، جہاں سے زائرین، مسافر اور تجارتی سامان لے جانے والی گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ اس شاہراہ اور اس سے منسلک علاقوں کی سیکیورٹی حالیہ دنوں میں فورسز کی توجہ کا اہم مرکز رہی ہے۔

 

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C