27/September/2026

واشنگٹن کا حوثیوں کے خلاف دباؤ بڑھانے کا اعلان، اسلحہ اور مالی وسائل روکنے کی کوششیں جاری

👁️ 26 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
واشنگٹن کا حوثیوں کے خلاف دباؤ بڑھانے کا اعلان، اسلحہ اور مالی وسائل روکنے کی کوششیں جاری

واشنگٹن کا حوثیوں کے خلاف دباؤ بڑھانے کا اعلان، اسلحہ اور مالی وسائل روکنے کی کوششیں جاری

واشنگٹن(ڈیلی اردو) امریکا نے یمن میں حوثیوں کی عسکری صلاحیت محدود کرنے کے لیے اسلحے اور مالی وسائل تک ان کی رسائی روکنے کی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق بحیرہ احمر میں آزادانہ بحری آمدورفت اور خطے کو دہشتگردی کے خطرات سے محفوظ رکھنا واشنگٹن کی مشرق وسطیٰ سے متعلق اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران اور اس کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے مبینہ حملوں کے مقابلے میں ان مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق امریکا نے ایسے مواقع پر حوثیوں کو مالی ذرائع اور ہتھیاروں تک رسائی سے محروم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کے بقول واشنگٹن اب تک حوثیوں سے وابستہ 200 سے زائد اداروں اور تنظیموں پر پابندیاں عائد کرچکا ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد حوثیوں کی عسکری سرگرمیوں اور حملوں کی صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔ واشنگٹن نے حوثیوں کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دیے جانے کے بعد ان کے مالی اور عسکری نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں بھی تیز کی ہیں۔

یمنی حکومت سے رابطہ برقرار رکھنے کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ واشنگٹن یمن کے معاملے پر اپنے علاقائی اتحادیوں اور شراکت داروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ان کے مطابق امریکا کی توجہ حوثیوں اور خطے میں بدامنی کا باعث بننے والے دیگر مسلح گروہوں کے خلاف مشترکہ کوششوں پر مرکوز ہے۔

یہ بیان یمنی صدارتی قیادت کونسل کے سربراہ رشاد العلیمی کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطے کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ العلیمی نے یمن میں حوثیوں کے خلاف جاری کشیدگی کے تناظر میں واشنگٹن سے تعاون کی درخواست کی تھی۔

تاہم ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے اس موقع پر کسی براہِ راست امریکی فوجی معاونت کی یقین دہانی نہیں کرائی، البتہ امریکی صدر سے رابطے کو یمنی صدارتی قیادت کونسل کے لیے سیاسی حمایت کے طور پر دیکھا گیا۔

یمن میں حوثیوں اور حکومتی فورسز کے درمیان حالیہ عرصے میں دوبارہ کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب کی سلامتی بھی علاقائی اور عالمی طاقتوں کے لیے اہم معاملہ بنی ہوئی ہے۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C