08/November/2026

ٹانک میں پولیس افسر اور پانچ سالہ بیٹا فائرنگ سے ہلاک،گورنر کا ٹی ٹی پی پر حملے کا الزام

👁️ 46 بار دیکھا گیا

ایڈمن
امریکا
ٹانک میں پولیس افسر اور پانچ سالہ بیٹا فائرنگ سے ہلاک،گورنر کا ٹی ٹی پی پر حملے کا الزام

ٹانک میں پولیس افسر اور پانچ سالہ بیٹا فائرنگ سے ہلاک،گورنر کا ٹی ٹی پی پر حملے کا الزام

ٹانک (ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر سعادت خان اور ان کا پانچ سالہ بیٹا ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے وقت دونوں باپ بیٹا بازار جا رہے تھے کہ انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ ٹانک کے محلہ خدریانوالہ میں پیش آیا، جہاں سعادت خان اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ گھر کے لیے سودا سلف خریدنے جا رہے تھے کہ مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کردی۔ سعادت خان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ ان کا بیٹا شدید زخمی ہوگیا۔

زخمی بچے کو طبی امداد کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ بعد ازاں دونوں باپ بیٹے کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ٹانک منتقل کردی گئیں۔

ابتدائی اطلاعات میں سعادت خان کو پولیس کانسٹیبل بتایا گیا تھا، تاہم بعد میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق وہ پشاور کے سینٹرل پولیس آفس میں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) اسٹیبلشمنٹ کے پرسنل اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اپنے آبائی ضلع ٹانک آئے ہوئے تھے۔

واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے پولیس افسر کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

عرب نیوز کے مطابق گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کا الزام کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں پر عائد کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پولیس افسر کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا میں حالیہ برسوں کے دوران پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ پاکستانی حکام ٹی ٹی پی اور دیگر مسلح گروہوں کو صوبے میں بدامنی کا ذمہ دار قرار دیتے رہے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے افغان سرزمین پر دہشتگردوں کی موجودگی اور وہاں سے حملوں کی منصوبہ بندی کے الزامات کی افغان طالبان حکام تردید کرتے رہے ہیں۔

شیئر کریں:

متعلقہ خبریں

خبر
سیاست

قومی اسمبلی میں اہم بل کی منظوری

1 گھنٹہ پہلے تفصیل
خبر
سیاست

وزیر خارجہ کا اہم بیان

2 گھنٹے پہلے تفصیل

موسمی حالات

کراچی

32°C

لاہور

28°C