کرم: آخر کار امدادی سامان ‘پارا چنار’ پہنچ گیا
👁️ 59 بار دیکھا گیا
کرم: آخر کار امدادی سامان ‘پارا چنار’ پہنچ گیا
پشاور (ڈیلی اردو/وی او اے) تیس ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پاڑہ چنار پہنچ گیا ہے۔ ڈھائی ماہ بعد پہنچنے والے اس سامان میں اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔ حکام کے مطابق 10 ٹرک بگن بھی پہنچ گئے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلی کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے سامان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
کرم کے مرکزی انتظامی شہر پاڑہ چنار سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی علی افضال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سخت زمینی اور فضائی سیکیورٹی میں یہ قافلہ پاڑہ چنار پہنچ چکا ہے۔ تاہم پاڑہ چنار روڈ ابھی تک عام لوگوں کی آمدورفت اور تجارتی مقاصد کے لیے بند ہے۔
صدہ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی محمد جمیل کہتے ہیں کہ قافلے میں شامل 10 ٹرکوں میں بگن قصبے کے 23 اور 24 نومبر کے درمیانی شب کے واقعے میں متاثرین کے لیے امدادی سامان ہے جو مقامی انتظامیہ کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں فرقہ وارانہ کشیدگی تو گزشتہ کئی ماہ سے جاری ہے۔ تاہم 21 نومبر کو مسافر گاڑیوں کے قافلے پر حملے میں 45 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے بعد 22 نومبر کو بگن سمیت ضلع کے مختلف مقامات پر جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ان پرتشدد واقعات کے بعد علاقے میں صورتِ حال مزید خراب ہو گئی تھی اور راستوں کی بندش سے کرم میں اشیائے خورونوش اور ادویات کی قلت ہے۔
چند روز قبل کوہاٹ میں لگ بھگ ایک ماہ تک جاری رہنے والے گرینڈ جرگے نے امن معاہدے پر اتفاق کر لیا تھا۔ فریقین کی جانب سے 45، 45 افراد نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے تھے۔
چودہ نکاتی معاہدے میں اسلحہ جمع کرانے، شاہراہوں کے تحفظ، فرقہ وارانہ واقعات کا خاتمہ، امن کمیٹیوں کے قیام، کالعدم تنظیموں کی حوصلہ شکنی جیسے نکات شامل تھے۔ تاہم مرکزی شاہراہ تاحال عوام کے لیے نہیں کھولی گئی۔
سامان کے یہ 40 ٹرک اس قافلے کا حصہ تھے جو چار دسمبر ہفتے کی صبح کوہاٹ سے پاڑہ چنار اور کرم کے مختلف علاقوں کے لیے روانہ کر دیے گئے تھے تاہم بگن کے مقام پر ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود پر فائرنگ کے بعد یہ قافلہ ٹل ہنگو کے مقام پر رک گیا تھا۔
یہ سامان ایسے وقت میں پہنچا ہے جب لوئر کرم کے مرکزی انتظامی قصبے صدہ میں مشران قوم کی گرفتاری کے خلاف مقامی قبائلیوں کا دھرنا اور احتجاج جاری ہے۔ تاہم ضلعی مرکز پاڑہ چنار میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والا احتجاجی دھرنا اتوار کی رات ختم کر دیا گیا ہے۔ حکام نے پاڑہ چنار کے احتجاجی دھرنے اور مظاہرے میں شرکت کرنے والے 200 کے قریب افراد کے خلاف مقدمات درج کر دیے ہیں۔
4 دسمبر کو جاری کردہ بیان میں وزیرِ اعلٰی کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا تھا کہ ان ٹرکوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروریات زندگی کا سامان ہے۔ یہ 40 ٹرک ان 80 ٹرکوں میں شامل ہیں جو پچھلے کئی دنوں سے ضلع ہنگو کے قصبے تھل کے مقام پر رکے ہوئے تھے۔
صدہ میں شٹر ڈاؤن
لوئر کرم کے بڑے تجارتی شہر صدہ کے صدر حاجی ارشاد اور دو دوسرے مشران علاقہ ملک سیف اللہ خان اورکزئی اور ملک سید رحمن منگل کی گرفتاری کے خلاف آج دوسرے روز بھی مکمل شٹر ڈاؤن رہا اور صدہ چوک میں شہریوں نے دکان داروں کے ساتھ مل کر احتجاج شروع کر دیا۔
دکان داروں کا مطالبہ ہے کہ جب تک تینوں عمائدین علاقہ کو غیر مشروط طور پر رہا نہ کیا گیا ہو دھرنا اور احتجاج جاری رہے گا۔
صدہ کے دھرنے اور احتجاج میں حصہ لینے کے لیے سینٹرل کرم ڈوگر سے بھی تقریباً 60 گاڑیوں پر مشتمل کثیر تعداد میں لوگ بدھ کے روز پہنچ گئے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ ہم پرامن لوگ ہیں جنہوں نے ہمیشہ حکومت کے ساتھ تعاون کیا ہے لیکن لگتا ایسا ہے کہ ہماری شرافت اور تعاون کو بزدلی سمجھا جارہا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر عمائدین کو رہا نہ کیا گیا تو حکومت کے ساتھ مزید تعاون نہیں کریں گے۔
متعلقہ خبریں
وزیر خارجہ کا اہم بیان
تازہ ترین خبریں
سوڈانی فوج کے سربراہ البرہان کا جنگ بندی سے انکار، امریکا سے کشیدگی کے دوران اخوان المسلمون سے تعلقات پھر زیرِ بحث
27/September/2026 👁️ 33 بار دیکھا گیا
پاکستان سے 400 مسلح افراد کی نورستان میں داخلے کی مبینہ کوشش، جھڑپوں میں 28 ہلاک اور 32 گرفتار: طالبان
27/September/2026 👁️ 53 بار دیکھا گیا
نورستان واقعہ: پاکستان نے افغان وزارت دفاع کے الزامات مسترد کر دیے
27/September/2026 👁️ 44 بار دیکھا گیا
سعودی عرب کے جوہری پروگرام پر امریکی تشویش، خفیہ جائزے نے نئے سوالات اٹھا دیے
27/September/2026 👁️ 72 بار دیکھا گیا
افغان طالبان کا سپین بولدک میں پاکستانی چوکی پر حملے کی تصدیق
27/September/2026 👁️ 82 بار دیکھا گیا
عراق: دیالیٰ میں داعش کے نعروں پر مبنی تحریریں لکھنے والا گرفتار
27/September/2026 👁️ 85 بار دیکھا گیا
مقبول خبریں
ٹرمپ کا ایران کو آخری الٹی میٹم، ڈیل نہ ہوئی تو تباہ کن کارروائی کی دھمکی
04/August/2026 👁️ 26338 بار دیکھا گیاایران میں موساد کیلئے جاسوسی کا الزام، دو افراد کو پھانسی دے دی گئی
04/August/2026 👁️ 15582 بار دیکھا گیاحوثیوں کا سعودی عرب کے نجران ایئرپورٹ پر ڈرون حملہ
05/August/2026 👁️ 11870 بار دیکھا گیاجنوبی وزیرستان: رات کی تاریکی میں طالبان اسنائپرز نے پاکستانی فوجیوں کو نشانہ بنایا، ویڈیو جاری
17/September/2025 👁️ 9193 بار دیکھا گیایمن میں حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون حملے، 36 فوجی اہلکار ہلاک
07/August/2026 👁️ 7472 بار دیکھا گیاایران سیکس ویڈیو: وزارت فرہنگ و ارشاد اسلامی کے سربراہ رضا ثقتی کو عہدے سے ہٹا دیا
30/July/2023 👁️ 5288 بار دیکھا گیاموسمی حالات
کراچی
32°C
لاہور
28°C